شہزاد نوید
سوات: سوات کے بالائی علاقوں میں حالیہ برفباری کے بعد اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے حفاظتی اقدامات تیسرے روز بھی جاری رہے۔
برفباری کے باعث سڑکوں پر شدید پھسلن پیدا ہونے سے ٹریفک حادثات کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے پیش نظر سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔
اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پلوگاہ، مہوڈنڈ اور دیگر بالائی سیاحتی مقامات کی جانب سنو چین کے بغیر سفر کرنے والی 300 سے زائد چھوٹی بڑی گاڑیوں کو آگے جانے سے روک دیا گیا۔
ان گاڑیوں میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے، جنہیں حفاظتی اقدامات کے تحت ٹورازم پولیس سوات نے بحفاظت واپس موڑ دیا تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ برفانی حالات میں بغیر سنو چین سفر کرنا نہایت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور معمولی غفلت جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
اسی لیے انتظامیہ کی جانب سے ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے اور کسی کو بھی بغیر حفاظتی انتظامات کے بالائی علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
یہ بھی پڑھیں: سستی بجلی کا خواب حقیقت بننے کے قریب، مہمند ڈیم سے خوشخبری
انہوں نے مزید کہا کہ اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت خیبر پختونخواہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کرنا تمام سیاحوں کے لیے ضروری ہے۔
سیاح سنو چین کا استعمال یقینی بنائیں، موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھیں اور غیر ضروری رسک لینے سے گریز کریں تاکہ سوات میں سیاحت محفوظ اور خوشگوار رہے۔
انتظامیہ کے مطابق موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک حفاظتی اقدامات جاری رہیں گے جبکہ ٹورازم پولیس اور متعلقہ ادارے سیاحوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔





