پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ویمنز فٹ بال ٹیم کو 2026 کی فیفا ویمنز سیریز کے گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم آئیوری کوسٹ گروپ کا حصہ ہوگی اور اس کے گروپ میں موریتانیا (افریقی کنفڈریشن) اور ٹرکس اینڈ کیکوس آئلینڈز بھی شامل ہیں۔
فیفا ویمنز سیریز 2026 مارچ اور اپریل میں منعقد ہوگی، اور اس کے افتتاحی میچز برازیل، آئیوری کوسٹ اور تھائی لینڈ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کی خواتین فٹ بال ٹیم اپنے گروپ میں ان ٹیموں کے خلاف میدان میں اتریگی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق میچوں کا مکمل شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا، اور اس موقع پر قومی ٹیم کی تیاریوں اور حکمت عملی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
PFF نے قومی کھلاڑیوں کو مکمل تربیتی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ٹیم کی فٹنس اور تکنیکی مہارت پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔
وفاقی اور صوبائی سطح پر خواتین فٹ بال کے فروغ کے لیے جاری کوششیں اس موقع پر قومی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہیں، اور پاکستان کی خواتین ٹیم کے شائقین اس سیریز میں ٹیم کے بہترین مظاہرے کی توقع کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈ کپ سے قبل ہی نیا ریکارڈ قائم ہو گیا
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے ہی شائقینِ فٹبال کا زبردست جوش، ایونٹ نے تاریخ رقم کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے فیفا کو مختلف میچز کے ٹکٹس کی 50 کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شائقین کی جانب سے سب سے زیادہ مانگ 17 جون کو میامی میں کھیلے جانے والے کولمبیا اور پرتگال کے میچ کے لیے سامنے آئی ہے جس کے ٹکٹس حاصل کرنے کے لیے غیر معمولی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی اس بار امریکا، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں جہاں یہ میگا ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی تک منعقد ہوگا، ٹورنامنٹ میں پہلی بار 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر کی خطیر انعامی رقم دی جائے گی جبکہ گزشتہ ایڈیشن کی چیمپئن ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر انعام میں دیے گئے تھے۔
اسی طرح رنر اپ ٹیم کے لیے 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔





