وفاقی حکومت نے سال 2026 کے لیے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد: کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سال 2026 میں عام تعطیلات اور اختیاری چھٹیوں کی تعداد مجموعی طور پر 40 ہوگی، جن میں 17 عام تعطیلات اور 23 اختیاری چھٹیاں شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 5 فروری کو یوم کشمیر، 23 مارچ کو یوم پاکستان، 21، 22 اور 23 مارچ کو عیدالفطر کی تین چھٹیاں ہوں گی۔

یکم مئی کو یوم مزدور، 28 مئی کو یوم تکبیر کی عام تعطیل ہوگی جبکہ 27، 28 اور 29 مئی کو عیدالاضحیٰ کی تین چھٹیاں شامل ہیں۔

مزید برآں 24 اور 25 جون کو نویں اور دسویں محرم، 14 اگست کو یوم آزادی، 25 اگست کو عید میلادالنبی ﷺ، 9 نومبر کو یوم اقبال، اور 25 دسمبر کو یوم قائداعظم کی عام تعطیل ہوگی۔ 26 دسمبر کو مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے بعد کی عام تعطیل ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سال 2026 کے لیے اسلامی تعطیلات متوقع تاریخ کے مطابق طے کی گئی ہیں اور چاند کی رویت کے مطابق اسلامی تعطیلات کا علیحدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔

بینکوں کی چھٹیوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یکم جنوری، یکم جولائی اور اسلامی تاریخ کے مطابق یکم رمضان کو بینک بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اہم راستے بند، شہریوں کے لیے سفر کے نئے قوانین فوری طور پر نافذ

مسلم حکومتی ملازمین کو سال میں ایک سے زیادہ اختیاری چھٹیاں نہیں دی جائیں گی، جبکہ غیر مسلم ملازمین کو سال میں تین سے زائد اختیاری چھٹیاں دستیاب نہیں ہوں گی۔

یہ اقدام ملازمین کی چھٹیوں کو منظم کرنے اور سرکاری تعطیلات کے شیڈول میں شفافیت لانے کے لیے کیا گیا ہے۔

Scroll to Top