شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری، ایک ہی دن میں دو پاک بھارت ٹاکرے، ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا شیڈول جاری ۔
شائقین کرکٹ کے لیے سنسنی خیز لمحہ آ گیا ہے کیونکہ 15 فروری کو ایک ہی دن میں دو پاک بھارت مقابلے کھیلے جائیں گے، جن میں ایک مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور دوسرا ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا مقابلہ شامل ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل نے ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ 13 سے 22 فروری تک تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد براعظم کی ابھرتی ہوئی ٹیموں کو پلیٹ فارم فراہم کرنا اور ایشیائی کرکٹ کے نوجوان اسٹارز کو متعارف کروانا ہے۔
ٹورنامنٹ میں چار ٹیمیں گروپ اے میں شامل ہیں: پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور نیپال، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، ملائیشیا اور میزبان تھائی لینڈ حصہ لیں گے۔پاک بھارت ویمنز میچ کو گروپ مرحلے کا سب سے نمایاں اور دلچسپی پیدا کرنے والا مقابلہ قرار دیا گیا ہے، جو ٹورنامنٹ کی کشش میں اضافہ کرے گا۔
پاکستان کی گرین شرٹس اپنی مہم کا آغاز 13 فروری کو نیپال کے خلاف کریں گی اور گروپ مرحلے میں آخری میچ 17 فروری کو یو اے ای کے ساتھ ہوگا۔ بھارت کا پہلا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف اور دوسرا نیپال کے خلاف طے ہے۔ گروپ مرحلہ 18 فروری تک جاری رہے گا، جس کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں 20 فروری کو ہونے والے سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ فائنل 22 فروری کو کھیلا جائے گا۔
یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی اور ایشیا بھر میں ویمنز کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور کئی ٹیمیں اسے سینئر سطح پر کامیابی کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر اپنانے کی تیاری کر رہی ہیں۔





