پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں کا عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی مظاہرہ

پشاور: صوبائی دارلحکومت پشاور کے اسمبلی چوک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے سابق وزیراعظم عمران خان اور گرفتار پارٹی کارکنوں کی رہائی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا

۔ مظاہرین نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

مظاہرے میں شریک سابق ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے پختون ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے کارکنوں کو ناحق قید میں رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیلوں میں کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے اور ایک ایک کمرے میں 20 سے زائد کارکنوں کو بند رکھا گیا ہے، جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان واحد سابق وزیراعظم ہیں جن کا جیل ٹرائل ہو رہا ہے، عمر ایوب

محمود جان نے مزید کہا کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور ان سے کسی کو ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، حتیٰ کہ پارٹی رہنماؤں اور وکلاء کو بھی ملاقات کرنے نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد حکومت کے غیر آئینی اقدامات کو بے نقاب کرنا اور اپنے بانی و کارکنوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے مظاہرے کے دوران عمران خان اور پارٹی کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

Scroll to Top