ملک کے شمالی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری کردیا۔
ملک کے شمالی علاقوں میں متوقع بارشوں اور برفباری کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق کل سے 24 جنوری کے دوران شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق دیر، چترال، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جبکہ نوشہرہ اور تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں بھی دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کے سبب سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی الرٹ رہیں، حساس علاقوں کی کڑی نگرانی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔





