اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے گوادر میں ایک بڑی سمندری کارروائی کے دوران منشیات سمگلنگ کے نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کر کے 300 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کر لی۔
اے این ایف کے ترجمان کے مطابق کارروائی مکران کوسٹل لائن کے قریب پڈی زر، گوادر کے گہرے سمندر میں سمندری انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی۔ کارروائی کے دوران منشیات سے بھری ایک تیز رفتار کشتی کو روکا گیا اور کشتی میں موجود دو اہم کارندوں کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار شدہ نیٹ ورک پاکستان کے مغربی مکران ساحل سے یمن، خلیجی ریاستوں اور افریقی ممالک تک تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے منشیات سمگل کرنے میں ملوث تھا۔
ملزمان کے قبضے سے برآمد شدہ 300 کلوگرام چرس اور ضبط شدہ کشتی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس سٹیشن اے این ایف گوادر منتقل کر دیا گیا ہے
اے این ایف کے مطابق یہ کارروائی نہ صرف سمندری انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی پہلی بڑی کارروائی ہے بلکہ اس سے بین الاقوامی منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بھی ایک مضبوط پیغام گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اے این ایف اس طرح کی کارروائیوں کو جاری رکھے گا تاکہ ملک میں منشیات کی سمگلنگ اور غیر قانونی تجارت پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکے۔





