حکومتی مذاکرات، سلمان اکرم راجہ کا اہم بیان سامنے آ گیا

حکومتی مذاکرات، سلمان اکرم راجہ کا اہم بیان سامنے آ گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےسیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اگر حکومت واقعی مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے تو اسے اپنا طرز عمل بدلنا ہوگا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ وہ محمود اچکزئی سے ملاقات کے لیے آئے ہیں اور انہیں مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔ محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کی تقاریر تاریخی نوعیت کی تھیں اور اپوزیشن لیڈرز کی جانب سے کی گئی گفتگو اس سے بہتر نہیں ہو سکتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے تین اراکین کی رکنیت بحال کردی

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے قومی پس منظر کے تناظر میں وضاحت کی کہ یہاں کھڑے ہونے کی وجوہات کیا ہیں اور بہتری کے لیے کون سا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے معیشت کی خراب صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ معیشت منہ کے بل گر چکی ہے، نوجوان روزگار کے لیے پریشان ہیں اور نوکریاں نہیں مل رہیں۔

انہوں نے کراچی اور لاہور کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ “کراچی میں لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلے اور ہمیں سپورٹ کیا لیکن باغ جناح تک جانے نہیں دیا گیا اور اسٹیج تک نہ لگایا گیا۔ لاہور میں سہیل آفریدی کے آنے کے دو دن میں 800 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذاکرات کے لیے ماحول سازگار نہیں، اور حکومت کو اگر مذاکرات چاہتے ہیں تو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔مثبت انداز میں آگے بڑھنا ہے تو مارپیٹ اور تناؤ ختم ہونا چاہیے۔

Scroll to Top