ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے 62 اقسام کے استعمال شدہ اور پرانے برانڈڈ موبائل فونز کی درآمد کے لیے نئی کسٹمز ویلیوز مقرر کر دی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد درآمدی ڈیوٹیز اور ٹیکسز کو عالمی مارکیٹ میں رائج قیمتوں کے مطابق بنانا ہے۔
اس حوالے سے ویلیوایشن رولنگ نمبر 2035 آف 2026 جاری کر دی گئی ہے، جس کے تحت نئی ویلیوز کا اطلاق کمرشل بنیادوں پر درآمد کیے جانے والے بغیر پیکنگ اور لوازمات کے استعمال شدہ موبائل فونز پر ہوگا۔ ان میں ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس سمیت دیگر معروف برانڈز شامل ہیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق سابقہ ویلیوایشن رولنگ ڈیڑھ سال سے زیادہ پرانی ہو چکی تھی اور موجودہ عالمی مارکیٹ کی صحیح عکاسی نہیں کر رہی تھی۔ اس دوران اسمارٹ فونز کے کئی نئے ماڈلز متعارف ہوئے جبکہ پرانے ماڈلز اپنی مدت استعمال پوری کر چکے تھے، جس کے باعث ڈیپریسی ایشن میں تبدیلی ضروری ہو گئی تھی۔
حکام نے بتایا کہ نئی ویلیوایشن کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعات 25 اور 25 اے کے تحت کی گئی ہے۔ نئے رولنگ کے مطابق کسٹمز ڈیوٹیز اور دیگر ٹیکسز مقررہ ویلیوز کی بنیاد پر وصول کیے جائیں گے، چاہے فون کی حالت یا گریڈ کچھ بھی ہو۔
رولنگ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ استعمال شدہ موبائل فونز کو پاکستان درآمد کرنے سے کم از کم چھ ماہ قبل ایکٹیویٹ کیا گیا ہونا ضروری ہے۔ درآمد کنندگان کو ایکٹیویشن کی مدت ظاہر کرنا ہوگی، جس کی تصدیق متعلقہ کسٹمز افسران کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا اور کسٹمز کلیمز کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔





