پاکستان سمیت 8اسلامی ممالک کا غزہ بورڈ آف پیس پر مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔
پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا،ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے ممالک کے رہنماؤں کو بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دی گئی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے اپنے ممالک کے اس مشترکہ فیصلے کا اعلان کیا ہے کہ وہ بورڈ آف پیس میں شامل ہوں گے۔ ہر ملک اپنی اپنی متعلقہ قانونی اور دیگر ضروری کارروائیوں کے مطابق شمولیتی دستاویزات پر دستخط کرے گا۔ان ممالک میں مصر، پاکستان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں جنہوں نے پہلے ہی شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کی قیادت میں جاری امن کی کوششوں کے لیے اپنے ممالک کی حمایت کا اعادہ کیا اور بورڈ آف پیس کے مشن کے نفاذ میں تعاون کے عزم کی توثیق کی، جو کہ ایک عبوری انتظامیہ کے طور پر غزہ تنازع کے خاتمے کے جامع منصوبے میں بیان کیا گیا ہے اور جس کی توثیق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے ذریعے کی گئی ہے۔
اس مشن کا مقصد مستقل جنگ بندی کو مستحکم کرنا، غزہ کی تعمیرِ نو میں معاونت کرنا، اور بین الاقوامی قانون کے مطابق فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور ریاست کے قیام کی بنیاد پر ایک منصفانہ اور پائیدار امن کو آگے بڑھانا ہے، تاکہ خطے کے تمام ممالک اور عوام کے لیے امن و استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔





