راولپنڈی: آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے چھ سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے خصوصی نغمہ “دشمناسُن” جاری کر دیا۔
اس نغمے میں وطن کے بہادر سپوتوں کی جانب سے ملکی دفاع کے لیے عہد و پیماں کا اظہار کیا گیا ہے۔
ستائیس فروری 2019 کا دن ملکی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے، جب پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے۔
اس آپریشن کے دوران ایک بھارتی پائلٹ، ابھی نندن، کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، جسے بعد میں پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کر دیا۔
یہ دن اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ “دشمناسُن” اسی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس نغمے کی شاعری احمد عظیم نے لکھی ہے، جبکہ کامران اللہ خان نے اسے گایا اور کمپوز کیا ہے۔
نغمہ ملک کے ہر ناپاک دشمن کے لیے ایک للکار اور پاکستانی عوام کے عزم و حوصلے کا مظہر ہے۔