گنڈاپور کا واحد کارنامہ اسلام آباد جانا اور پھر وہاں سے بھاگ کر واپس آنا ہے، حیدر ہوتی

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ پختونوں کو اسلام آباد پر دھاوا بولنے کے لیے ورغلایا جا رہا ہے، جب کہ پی ٹی آئی قیادت خود اقتدار کے لیے ڈیل کے لیے ترس رہی ہے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کے موجودہ وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا واحد کارنامہ اسلام آباد جا کر دو مرتبہ وہاں سے بھاگ کر واپس آنا ہے۔

وہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ضلع خیبر کے زیر اہتمام باچا خان مرکز پشاور میں ایک گرینڈ شمولیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں ضلع خیبر کے دس منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

تقریب سے سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی، صوبائی صدر میاں افتخار حسین، صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی اور ضلعی صدر عبدالرزاق آفریدی نے خطاب کیا۔

سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے شمولیتی تقریب سے خطاب میں کہا کہ جب عمران خان اقتدار سے جا رہے تھے، تو انہوں نے امریکی سازش کا بیانیہ کھڑا کیا۔ اب وہ امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر امیدیں لگا رہے ہیں کہ وہ عمران کو پہلے رہائی دلائیں گے اور پھر پاکستان کو امریکی غلامی سے نجات دلائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب عمران خان وزیراعظم تھے تو جنرل باجوہ بہترین سپہ سالار تھے، لیکن اقتدار ختم ہوتے ہی وہ “میر جعفر اور میر صادق” بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں پولیس اسٹیشن عوام کےچندوں سے بن رہے ہیں، سردار حسین بابک

انہوں نے کہا کہ ہر نئی سازش کے لیے پختونوں کی سرزمین کو استعمال کیا جاتا ہے، جو قابل افسوس ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کو اس بات پر افسوس نہیں کہ وہ پارلیمان یا اقتدار میں نہیں، بلکہ دکھ اس بات کا ہے کہ پختون قوم کی حالت زار خراب ہو رہی ہے۔

امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پیدا ہونے والے گیس، بجلی، تیل اور دیگر معدنیات پر پہلا حق یہاں کی عوام کا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ افغانستان کے ساتھ تجارتی اور آمدورفت کے راستے کیوں بند ہیں؟

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کی مد میں ملنے والے فنڈز کو دوگنا کیا جائے، کیونکہ اس کے بجائے اس حصے کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top