موبائل بیچنے یامرمت کرنے سے پہلے اہم اقدامات ضروری،پی ٹی اے کی ہدایت جاری

اگر آپ اپنا موبائل فون بیچنے، کسی کو دینے یا اس کی مرمت کروانے کا سوچ رہے ہیں تو اس سے پہلے کچھ ضروری اقدامات کرنا لازمی ہیں۔

آج کل تقریباً ہر گھر میں اسمارٹ فون موجود ہے اور یہ صرف رابطے کے لیے نہیں بلکہ صارفین کی ذاتی معلومات، تصاویر، ویڈیوز اور اکاؤنٹس کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔

اکثر لوگ موبائل کے نئے ماڈل خریدنے کے لیے اپنا پرانا فون فروخت یا کسی اور کو استعمال کے لیے دے دیتے ہیں، یا خراب ہونے پر اسے موبائل شاپ یا فرنچائز پر مرمت کے لیے بھیج دیتے ہیں، جس سے ڈیٹا کے افشا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کے لیے ہدایات جاری کی ہیں کہ موبائل کو بیچنے یا دینے سے پہلے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ سب سے پہلے فون کی فیکٹری ری سیٹ کرنا چاہیے، لیکن یہ اکیلا کافی نہیں کیونکہ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیٹا دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

فون کی ری سیٹ سے پہلے اس کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو چیک کریں تاکہ ڈیٹا مکمل محفوظ ہو۔ فون کی سیٹنگز میں جا کر چیٹ بیک اپ اور انکرپشن کے آپشن کو فعال کریں اور ڈیٹا کو اوور رائٹ کریں۔ ری سیٹ کے بعد کچھ اضافی تصاویر یا ویڈیوز دوبارہ منتقل کر کے فون کو دوبارہ ری سیٹ کریں تاکہ پرانا ڈیٹا مکمل طور پر ختم ہو جائے۔

تمام اکاؤنٹس بھی حذف کرنا ضروری ہے، جیسے گوگل، ایپل آئی ڈی، سیم سنگ یا سونی آئی ڈی، کیونکہ اکاؤنٹس ہٹائے بغیر فون نیا صارف استعمال نہیں کر سکے گا۔ ڈیٹا حذف کرنے سے پہلے بیک اپ ضرور لیں اور اسے گوگل ڈرائیو، آئی کلاؤڈ، میموری کارڈ یا کمپیوٹر پر محفوظ کر لیں۔ اس کے بعد سم کارڈ اور میموری کارڈ نکالیں تاکہ آپ کا نمبر اور ذاتی معلومات محفوظ رہیں۔

صارفین کی معلومات ان کی ذمہ داری ہیں، اس لیے فون بیچنے، دینے یا مرمت کے لیے بھیجنے سے پہلے ان اقدامات پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔

Scroll to Top