وادی تیراہ: وفاقی حکومت کے بیان پر شفیع جان کا ردعمل سامنے آ گیا

شاہد جان

پشاور: وادی تیراہ سے مقامی آبادی کی نقل مکانی کے معاملے پر وفاقی حکومت کے بیانات پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے دعوے بے بنیاد اور عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش ہیں۔

شفیع جان نے کہا کہ وادی تیراہ سے لوگوں کے انخلاء اور جاری آپریشن کا سارا ملبہ صوبائی حکومت پر ڈالنے کی وفاقی حکومت کی کوشش ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ وادی تیراہ سے لوگ آپریشن کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہیں، اور یہ حقیقت قومی اسمبلی میں خواجہ آصف اور طلال چوہدری کی تقاریر سے بھی عیاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وادی تیراہ آپریشن کے حوالے سے اپنا موقف بارہا واضح کیا ہے اور صوبائی اسمبلی کے جرگہ امن میں تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اس آپریشن کی مخالفت کی تھی۔

شفیع جان نے زور دیا کہ وفاقی حکومت کو صوبائی حکومت، سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا تاکہ متاثرین کی حالت بہتر طریقے سے سنبھالی جا سکتی۔

شفیع جان نے کہا کہ وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے چار ارب روپے کے ریلیف فنڈز جاری کیے گئے، لیکن وفاقی حکومت کا بیان انتہائی مضحکہ خیز اور غیر سنجیدہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سپر سکس میں پاکستان،بھارت آمنے سامنے، فیصلہ کب ہوگا؟

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا زبردستی نقل مکانی پر مجبور ہونے والے متاثرین کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا جائے؟

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے بروقت اقدامات کیے، لیکن وفاقی حکومت کی بے حسی افسوسناک ہے۔

شفیع جان نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت ایک طرف صوبے پر سخت فیصلے مسلط کر رہی ہے اور دوسری طرف مشکل وقت میں متاثرین کو تنہا چھوڑ رہی ہے، جو کسی بھی جمہوری اور انسانی اصول کے خلاف ہے۔

Scroll to Top