پشاور پولیس کا ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاون

پشاور: سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے والے مزید 11 افراد کو حراست میں لے کر ان کی موٹرسائیکلیں ٹرمینل میں بند کر دی ہیں۔

اس کارروائی کی نگرانی ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان نے کی، جبکہ عملدرآمد ایس ایچ او ٹریفک سلمان خان نے کیا۔

چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی ہدایت پر یہ کریک ڈاؤن کیا گیا تاکہ حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

گرفتار نوجوانوں کے والدین کو تحریری ضمانت کے لیے طلب کیا گیا، اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے بچے آئندہ ون ویلنگ نہیں کریں گے۔

ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ ون ویلنگ کرنا اپنی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے اور اس خطرناک کھیل کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جس سے خوشیوں بھرے گھر ماتم میں بدل گئے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر نے واضح کیا کہ ون ویلنگ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور کا ڈیرہ کے عوام کے لیے بڑا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر زاہد اللہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنے ساتھ ساتھ دیگر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی تمام کارروائیاں حادثات کی روک تھام اور شہری زندگیوں کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہیں۔

Scroll to Top