ریسکیو کی کوششیں رنگ لے آئیں: خیبرپختونخوا میں برفباری میں پھنسے 3,010 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا

ریسکیو کی کوششیں رنگ لے آئیں: خیبرپختونخوا میں برفباری میں پھنسے 3,010 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا

خیبرپختونخوا میں شدید برفباری کے باعث پھنس جانے والے 3,010 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تین روزہ آپریشن کے دوران 942 گاڑیاں نکالی گئی اور متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی بحال کی گئی۔

ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ صوبے کی 60 اہم سڑکیں اور شاہراہیں ہیوی مشینری کے ذریعے کلیئر کی گئی ہیں تاکہ لوگوں کی نقل و حمل اور ضروریات زندگی کے لیے راستے کھلے رہیں۔ اس آپریشن میں 535 اہلکار اور 190 گاڑیاں حصہ لے رہی تھیں، جنہوں نے دن رات محنت کر کے لوگوں کی جانیں محفوظ بنائیں۔

حکام کے مطابق برفباری سے متاثرہ اضلاع میں 32 عارضی ریسکیو پوائنٹس قائم کیے گئے، جہاں فوری طبی امداد، کھانے پینے کے انتظامات اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں۔ سیکڑوں متاثرہ افراد کو موقع پر فوری طبی امداد دی گئی تاکہ کوئی بھی حادثہ نہ ہو۔

ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ حکام کے مطابق موسمی حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے، مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

Scroll to Top