بنگلہ دیش کیساتھ یکجہتی کا اظہار! پاکستانی کھلاڑی ورلڈ کپ میچوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر حصہ لینے کا امکان

بنگلہ دیش کیساتھ یکجہتی کا اظہار! پاکستانی کھلاڑی ورلڈ کپ میچوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر حصہ لینے کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی شرکت کے دوران بنگلہ دیش سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، زیر غور پہلی تجویز میں پاکستانی کھلاڑی ہر میچ کے دوران سیاہ پٹیاں باندھ کر بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔ دوسری تجویز کے مطابق، ٹیم بھارت کے خلاف 15 فروری کو ہونے والے میچ کا بائیکاٹ کر سکتی ہے۔ تیسرا اختیار یہ ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی ہر جیت کو بنگلہ دیشی کرکٹ فینز کے نام وقف کیا جائے۔

چئیرمین پی سی بی، محسن نقوی نے گزشتہ روز بورڈ کے حکام اور سابق کھلاڑیوں سے مشاورت کی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بنگلہ دیش ٹیم کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور پاکستان اسے اکیلا نہیں چھوڑ سکتا۔ نقوی نے کہا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں حصہ لیتے ہوئے بھی انسانی اور اخلاقی یکجہتی کا پیغام دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کا حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔ چیئرمین پی سی بی آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق پاکستان کی شمولیت یا بائیکاٹ کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، اگر پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں حصہ لیتی ہے تو کھلاڑیوں کی جانب سے سیاہ پٹیاں باندھنا، بھارت کے خلاف ممکنہ بائیکاٹ، اور جیتیں بنگلہ دیش کے نام وقف کرنے کے تمام آپشنز زیر غور رہیں گے۔

کرکٹ حلقوں اور عوامی سطح پر اس اقدام کو پاکستان کی اخلاقی اور انسانی یکجہتی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی کھلاڑیوں کے احتجاج کے امکان پر زبردست ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

Scroll to Top