نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی )نے خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے لینڈ سلائیڈ نگ کے الرٹس جاری کر دیے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹرکے مطابق 26 سے 27 جنوری 2026 کے دوران متوقع شدید بارش اور برفباری کے پیش نظر خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے ہائی لیول جبکہ بلوچستان کے متعدد اضلاع کے لیے میڈیم لیول لینڈ سلائیڈنگ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔۔
این ای او سی کے مطابق دیر، سوات، کالام، کاغان، چترال، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری اور گلیات، استور، بنجی، اسکردو، گلگت، ہنزہ اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
ان علاقوں میں تیز ڈھلوانیں، کمزور اور نازک زمین، دریائی کٹاؤ والی وادیاں اور سڑکوں کے کنارے موجود پشتے لینڈ سلائیڈ، مٹی اور برف کے تودے گرنے اور پتھروں کے سرکنے کے خطرات کو بڑھا دیتے ہیں۔ ان علاقوں میں بالخصوص اہم پہاڑی شاہراہوں کے اطراف ہائی اور ویری ہائی رسک زونز کی نشاندہی کی گئی ہے۔
بلوچستان میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، ہرنائی، قلات، مستونگ، آواران، پنجگور، نوشکی اور خضدار سمیت دیگر اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
ان موسمی حالات کے باعث ڈھلوانوں میں عدم استحکام، مقامی لینڈ سلائیڈ، ملبے کے بہاؤ اور پتھروں کے گرنے کا خدشہ ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں بارش کے ساتھ برف پگھلنے کا عمل بھی جاری ہو۔
این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ موسمی اثرات کے باعث پیدا ہونے والا زمینی عدم استحکام سڑکوں کی بندش، ٹریفک میں شدید خلل اور دور دراز علاقوں کے عارضی طور پر منقطع ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔ قراقرم ہائی وے، ناران کاغان روڈ، بابوسر روٹ، سوات ویلی کے مختلف راستے، استور روڈ اور اسکردو روڈ خاص طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔ پہاڑی نالوں اور برساتی ریلوں میں اچانک پانی کے بہاؤ سے ڈھلوانیں مزید غیر مستحکم ہو سکتی ہیں، جس سے آبادیوں، گاڑیوں، عوامی انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کو خطرات لاحق ہیں۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ الرٹ کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈ کی ابتدائی علامات جیسے ملبے کا گرنا، زمین میں دراڑیں پڑنا یا غیر معمولی آوازوں پر فوری توجہ دیں۔
سیاحوں اور مسافروں کو شدید احتیاط برتنے اور بارش یا برفباری کے دوران یا فوراً بعد سفر سے اجتناب کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، ہنگامی ٹیموں کی تیاری یقینی بنانے اور سڑکوں کی بحالی کے لیے مشینری فعال رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔





