صوابی کے باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں بیک وقت پیدا ہونے والے پانچ نومولود بچے پانچ دن بعد انتقال کر گئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق یہ بچے قبل از وقت پیدا ہوئے تھے اور فوری طور پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ (NICU) میں منتقل کیے گئے تھے۔ پیدا ہونے والے بچوں میں ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل تھیں۔
بچوں کے والد محمد نوید ولد نصیر محمد کا تعلق زیدہ صوابی کے محلہ منصور خیل سے بتایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم کی فضا قائم ہو گئی اور اہلِ علاقہ نے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیدائش کے بعد بچوں کی حالت نازک تھی اور ان میں شدید طبی پیچیدگیاں سامنے آئیں، جس کی وجہ سے چار بچوں کو NICU میں داخل کیا گیا۔ انچارج NICU کی نگرانی میں بچوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی گئیں، لیکن قبل از وقت پیدائش اور کمزوری کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ہسپتال انتظامیہ نے کہا کہ طبی عملے نے بچوں کی جان بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم ان کی حالت نہ سنبھل سکی۔ ضلعی انتظامیہ اور صحت کے حکام نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔





