8 فروری کی کال صرف عمران خان واپس لے سکتے ہیں، بیرسٹر گوہر نے واضح اعلان کر دیا

8 فروری کی کال صرف عمران خان واپس لے سکتے ہیں، بیرسٹر گوہر نے واضح اعلان کر دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر ایاز نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ 8 فروری کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال کی کال صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان واپس لے سکتے ہیں، جبکہ حکومت نے ہڑتال کی کال واپس لینے کے حوالے سے کوئی ہدایت جاری نہیں کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ انصاف کے حصول کے لیے عدالتی راستہ اپنایا جائے اور پارٹی کی ہڑتال کی کال واپس لینے کا فیصلہ صرف بانی کے اختیار میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے ہڑتال کے حوالے سے کوئی مداخلت نہیں کی اور پارٹی اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔

دریں اثنا اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے اعلان کیا کہ 8 فروری کو ایک وڈیو بیان جاری کیا جائے گا، جس میں عوام سے درخواست کی جائے گی کہ دکانیں بند رکھیں اور پہیہ جام کریں، لیکن کسی کو گالی یا پتھر نہ ماریں۔ انہوں نے زور دیا کہ احتجاج پرامن اور منظم طریقے سے ہوگا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی کہا تھا کہ 8 فروری کو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے کہا کہ ایبٹ آباد کے لوگ ہمیشہ جمہوریت کے لیے باہر نکلتے رہے ہیں اور اب بھی اگلی کال کا انتظار کریں۔

اس پیش رفت کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں سیاسی سرگرمیوں میں شدت دیکھنے کو مل رہی ہے، اور 8 فروری کو ہونے والی ہڑتال کے اثرات ملکی معیشت اور روزمرہ زندگی پر نمایاں ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top