پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کو بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق سنجیدہ تشویش لاحق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات جیسے بنیادی حق پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور عدالتی احکامات کے مطابق ملاقاتوں کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منگل کا دن بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے مقرر ہے، تاہم ملاقات کو غیر ضروری تنازع کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کو عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے وہ پندرہویں مرتبہ چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے آئے تھے، تاہم ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔ ان کے مطابق چیف جسٹس کے لیے پیغام چھوڑا گیا ہے جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواستوں کو مقرر کرنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ان معاملات پر جلد سماعت ہو سکے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات قیدی کا بنیادی آئینی اور قانونی حق ہے اور ملاقاتیں عدالتی احکامات کے عین مطابق ہونی چاہئیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے عمران خان سے ملاقات کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرائی گئی ہے، جبکہ اسی حوالے سے ایک خط ایم این ایز کے دستخطوں کے ساتھ چیف جسٹس کو بھی ارسال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا واضح مؤقف ہے کہ دہشت گردی جیسے حساس مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق دہشت گردی سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ حکومت سے کسی قسم کی ملاقات، رابطے یا کسی کمٹمنٹ کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں، اور پارٹی اس وقت صرف آئینی حقوق اور انصاف کی فراہمی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔





