خیبر پختونخوا میں ایک اور نیا ضلع بن گیا ، حکومتی نوٹیفکیشن جاری

محمد اعجاز آفریدی

خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع سوات کو انتظامی طور پر دو الگ اضلاع میں تقسیم کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

بورڈ آف ریونیو، ریونیو اینڈ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ضلع سوات کو ضلع بر سوات اور ضلع سوات میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے 43ویں اجلاس میں 19 دسمبر 2025 کو کیا گیا تھا جبکہ یہ اقدام خیبرپختونخوا لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے تحت اٹھایا گیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد اور بہتر انتظامی سہولتوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بر سوات کا ہیڈکوارٹر مٹہ ہوگا، جبکہ اس ضلع میں تحصیل مٹہ، بحرین اور خوازہ خیلہ شامل ہوں گی۔

دوسری جانب ضلع سوات کا ہیڈکوارٹر گلکدہ مقرر کیا گیا ہے، جس میں تحصیل بابوزئی، کبل، چارباغ اور بریکوٹ شامل ہوں گی۔

حکام کے مطابق ضلع کی تقسیم سے انتظامی امور میں بہتری، عوام کو سہولیات کی بروقت فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد ممکن ہو سکے گا۔ نئی اضلاع کی تشکیل کے بعد پولیس، عدالتی، انتخابی اور دیگر سرکاری ادارے بھی اپنی انتظامی حدود کے مطابق اقدامات کریں گے۔

Scroll to Top