خیبرپختونخوا :ذاتی نمبر پلیٹس کی نیلامی، وزیر 1 ریکارڈ بولی میں فروخت

نشتر ہال پشاور میں ذاتی پسند کی نمبر پلیٹس کی نیلامی منعقد کی گئی جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کئی منفرد نمبر پلیٹس بھاری رقوم میں فروخت ہوئیں۔

نیلامی میں سب سے زیادہ توجہ وزیر 1 نمبر پلیٹ نے حاصل کی، جو ایک کروڑ 50 لاکھ روپے کی بلند ترین بولی پر فروخت ہوئی۔ اسی طرح آفریدی 1 نمبر پلیٹ بھی مہنگی ترین پلیٹس میں شامل رہی، جس پر ایک کروڑ 40 لاکھ 50 ہزار روپے کی بولی لگی اور یہ نمبر پلیٹ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے خریدی۔

خان 1 نمبر پلیٹ پر بھی نمایاں بولی دیکھنے میں آئی اور یہ ایک کروڑ 11 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی، جسے رکن صوبائی اسمبلی نیک محمد خان نے حاصل کیا۔ اس کے علاوہ پشاور 1 نمبر پلیٹ ایک کروڑ روپے میں نیلام ہوئی جبکہ ہری پور 1 نمبر پلیٹ 80 لاکھ روپے میں فروخت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : کون سی موبائل سمز بند ہوں گی؟ پی ٹی اے نے تفصیلات بتا دیں

دیگر نمبر پلیٹس میں یوسفزئی 1 کو 49 لاکھ 20 ہزار روپے اور درانی 1 کو 16 لاکھ 60 ہزار روپے میں خریدا گیا۔ ملاکنڈ 1 نمبر پلیٹ ساڑھے 12 لاکھ جبکہ صوابی 1 نمبر پلیٹ 12 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ذاتی پسند کی نمبر پلیٹس کی آئندہ نیلامی اگلے مرحلے میں آن لائن بولی کے ذریعے کی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو اس عمل میں شامل ہونے کا موقع مل سکے۔

Scroll to Top