امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست آئیووا میں وسطی مدتی انتخابات کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ انتخابات میں ناکام ہوئے تو امریکہ بہت کچھ کھو دے گا۔
الیکشن مہم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ڈیموکریٹس الیکشن جیت گئے تو یہ امریکہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہوگا تاہم انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ انتخابات باآسانی جیتے جا سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے امریکی معیشت میں بہتری کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ایک سال قبل تاریخی سطح کی مہنگائی تھی لیکن آج معیشت مستحکم ہے اور مہنگائی میں کمی واقع ہو گئی ہے، انہوں نے یہ کہا کہ وہ تاریخ کا سب سے بڑا ٹیکس ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے سرحدوں کو غیرقانونی تارکین وطن کے لیے مکمل بند کرنے کا عندیہ دیا اور کہا کہ آج امریکا سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ملک ہے۔
صدر ٹرمپ نے سرمایہ کاری کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کے چار سال کے دور میں ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ ان کے ایک سال میں سرمایہ کاری کا حجم 18 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا۔
صدر ٹرمپ نے عالمی سطح پر امریکا کی عزت میں اضافے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جاپان، برطانیہ اور آسٹریلیا میں تاریخی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران مخالف قرارداد کے خلاف ووٹ، پاکستان نے انصاف کا ساتھ دیا: ایرانی سفیر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ایک بحری بیڑا ایران کی طرف بڑھ رہا ہے اور جون میں ایران کی جوہری صلاحیت ختم کی گئی تھی اس دوران کسی شہری کو نقصان نہیں پہنچا، صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایران امریکہ کے ساتھ کوئی ڈیل کرے گا۔





