میرانشاہ، گورنمنٹ کامرس کالج کی کمپیوٹر لیب سے لاکھوں روپے کی ہارڈ ڈسک چوری

شمالی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے گورنمنٹ کامرس کالج میرانشاہ کی نئی کمپیوٹر لیب سے لاکھوں روپے مالیت کی ہارڈ ڈسک کی چوری کا انکشاف کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان یوسف کریم کنڈی کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ کی نگرانی میں تعلیمی اداروں کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے، اسی سلسلے میں 27 جنوری کو تحصیلدار میرانشاہ غنی وزیر نے ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ کالج کا اچانک دورہ کیا۔

دورہ کے دوران معلوم ہوا کہ چند ماہ قبل خریدے گئے نئے کمپیوٹرز کی ہارڈ ڈسکیں غائب ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ ایک منصوبہ بند چوری ہے کیونکہ لیب کے دروازے یا کھڑکیاں توڑی نہیں گئیں اور کمپیوٹرز بظاہر صحیح حالت میں دکھائی دے رہے تھے مگر اندر سے قیمتی پرزے نکال لیے گئے تھے۔ شواہد کے مطابق اس واردات میں ممکنہ طور پر اندرونی ہاتھ ملوث ہو سکتا ہے۔

کالج کے پرنسپل دوران معائنہ تسلی بخش جواب نہ دے سکے، تحصیلدار غنی وزیر نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو تفصیلی رپورٹ ارسال کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں چوری کی انوکھی واردات،بھائی نے اپنے ہی بھائی کے گھر پر ہاتھ صاف کر دیا

عوامی حلقوں نے تحصیلدار کی بروقت کارروائی کو سراہا اور کہا کہ ایسے فرض شناس افسران ہی سرکاری املاک کے تحفظ اور بدعنوانی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

Scroll to Top