تحریک انصاف سوشل میڈیا کے سربراہ جبران الیاس CIA ایجنٹ ہے - ڈاکٹر فرحان ورک کا تہلکہ

تحریک انصاف سوشل میڈیا کے سربراہ جبران الیاس امریکی سیکریٹ سروس کا ایجنٹ ہے ، ڈاکٹر فرحان ورک کا تہلکہ

سیاسی و سماجی امور کے تجزیہ کار ڈاکٹر فرحان ورک نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا سربراہ جبران الیاس سے متعلق سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کا اصل کنٹرول نہ تو علیمہ خان کے پاس ہے اور نہ ہی کسی اور رہنما کے پاس، بلکہ تمام تر اختیار امریکہ میں موجود جبران الیاس کے ہاتھ میں ہے۔

ڈاکٹر فرحان ورک کے مطابق جبران الیاس وہ شخصیت ہیں جو علیمہ خان سمیت پارٹی قیادت کو یہ ہدایات دیتے ہیں کہ کس موقع پر کیا بیان دینا ہے۔ انہوں نے اس تاثر کو یکسر مسترد کیا کہ علیمہ خان آزادانہ طور پر بیانات دیتی ہیں، اور کہا کہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا حکمت عملی مکمل طور پر بیرونِ ملک سے کنٹرول کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر فرحان ورک نے مزید دعویٰ کیا کہ جبران الیاس نے 2010 میں یونائیٹڈ اسٹیٹس سیکرٹ سروس کے لیے کام کیا اور 2011 میں پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا کنٹرول سنبھالا۔ ان کے بقول 2011 سے لے کر اب تک وہ پسِ پردہ رہتے ہوئے پارٹی کی سوشل میڈیا سمت کا تعین کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2019 میں پی ٹی آئی کی جانب سے متعارف کرائی گئی ’’رابطہ ایپ‘‘ کی مکمل رسائی بھی جبران الیاس کے پاس تھی۔ ڈاکٹر فرحان ورک کے مطابق جدید موبائل ایپس صارفین کے ڈیٹا پوائنٹس اور ڈیجیٹل رویوں کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جس کے ذریعے کسی فرد کی دلچسپیوں، ذہنی رجحانات اور کمزوریوں کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ایپ کے ذریعے پارٹی کارکنان اور حامیوں کے رویوں کا ڈیٹا اکٹھا کر کے باقاعدہ اسٹڈی کی گئی، جس کا مقصد مخصوص بیانیے کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو ذہنی طور پر متاثر کرنا تھا۔ ڈاکٹر فرحان ورک نے الزام لگایا کہ یہ ڈیٹا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ تک محدود نہیں بلکہ افراد کی نفسیات، پسند و ناپسند اور ردِعمل پر مبنی تھا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اسی ڈیٹا کی بنیاد پر پی ٹی آئی یوتھ کو مخصوص سمت میں سوچنے پر مجبور کیا گیا، جس کے نتیجے میں نوجوانوں کی ذہنی ساخت متاثر ہوئی اور انہیں اشتعال انگیز بیانیے کے تحت متحرک کیا گیا۔ڈاکٹر فرحان ورک کے یہ الزامات سامنے آنے کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

Scroll to Top