اوورسیز پاکستانیوں کے لیے گاڑی کی خرید و فروخت میں نئی سہولت متعارف

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانی اب اپنی گاڑیاں خریدنے اور منتقل کرنے کے لیے نئی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔

اب گاڑی کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر کا عمل بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے آن لائن مکمل کیا جا سکے گا، جس سے وقت اور کاغذی کارروائی دونوں میں کمی آئے گی۔

یہ فیصلہ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ اور سی ای او نادرا عمر خان آزاد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔

ملاقات کے دوران عمر شیر چٹھہ نے بتایا کہ جمعہ سے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے یہ سہولت شروع کر دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں ہفتے ہی دیگر صوبوں میں گاڑیوں کی ری رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا جائے گا۔

اس ایپ میں صارفین کو گاڑی کے نمبر، چیسز نمبر اور مالک کا نام درج کرنا ہوگا، جس کے بعد بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے ٹرانزیکشن مکمل ہو سکے گی۔

قبل ازیں اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کے ٹرانسفر یا خرید و فروخت کے لیے اتھارٹی لیٹر کی تصدیق ایمبیسی سے کروانا ضروری تھا، لیکن اب پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے یہ عمل آسان اور محفوظ ہو گیا ہے۔ نادرا حکام کے مطابق اس نظام کے ذریعے گاڑیوں کے جعلسازی کے امکانات تقریباً ختم ہو جائیں گے۔

یہ نئی سہولت اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نہ صرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ ملک میں گاڑیوں کے ٹرانزیکشن کے عمل کو بھی شفاف اور محفوظ بنائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : بینکوں نے صارفین کو نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے سہولتیں بڑھا دیں

جبکہ دوسری جانب دسمبر 2025 میں بینکوں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کے لیے فراہم کردہ قرضوں میں قابل ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس مہینے میں آٹو فنانسنگ کا حجم 319 ارب روپے تک پہنچ گیا جو دسمبر 2024 کے 235 ارب روپے کے مقابلے میں 35.5 فیصد زیادہ ہے۔

ماہانہ بنیاد پر بھی آٹو فنانسنگ میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ نومبر 2025 میں یہ حجم 318 ارب روپے تھا جو دسمبر میں بڑھ کر 319 ارب روپے تک پہنچ گیا، یعنی ماہانہ بنیاد پر 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2025 میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضوں کا حجم 10,671 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو دسمبر 2024 کے 10,582 ارب روپے کے مقابلے میں 0.8 فیصد زیادہ ہے۔

ماہرین اقتصادیات کے مطابق آٹو فنانسنگ میں یہ اضافہ ملک میں گاڑیوں کی خریداری اور صارفین کے اعتماد میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔

بینکنگ سیکٹر میں قرضہ جات کی دستیابی اور آسان شرائط بھی صارفین کو نئی گاڑیاں خریدنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔

سٹیٹ بینک کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ آٹو فنانسنگ میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت میں صارفین کی سرگرمیوں اور مالیاتی شعبے میں استحکام کی نشاندہی کرتا ہے۔

Scroll to Top