اسلام آباد: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں قائمقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان، گڈ گورننس اور خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران گورنر نے وادی تیراہ میں جاری عارضی انخلاء، متاثرین کی فوری امداد، اور صوبے میں حفاظتی اقدامات سے صدر کو آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ انجمن ہلال احمر ضم اضلاع برانچ تیراہ میں متاثرین کی امداد میں سرگرم ہے اور شدید برفباری میں پھنسے افراد کو اشیائے خوردونوش، ادویات اور دیگر ضروری سامان فوری طور پر پہنچایا جا رہا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحصیل باڑہ میں تیراہ سے عارضی انخلاء کرنے والے متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کی گئی اور متاثرین کو مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا۔
قائمقام صدر یوسف رضا گیلانی نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے عوام کی ملک و قوم کے لیے قربانیاں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صوبے کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانیوں کے لیے ایک اور بڑی خوشخبری
صدر نے مزید کہا کہ صوبے میں پائیدار امن ہی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہے اور ضم اضلاع کے عوام کی ترقی و خوشحالی یقینی بنانے کا عزم ان کا مشن ہے۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ ضم اضلاع میں ترقی، خوشحالی اور سماجی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ ملاقات صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انسانی ہمدردی کے اقدامات اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر تعاون اور مشاورت کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔





