مردان پولیس کی بہادری نے علاقے کو بڑے خطرے سے بچا لیا

مردان: تھانہ رستم اور تھانہ پارہوتی پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین انتہائی خطرناک اجرتی قاتل ہلاک کر دیے جبکہ تین دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

کارروائیوں کے دوران متعدد اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق، تھانہ رستم پولیس کی ٹیم دورانِ گشت جالکی پل، کمرگئی لار کے علاقے میں موجود تھی کہ مطلوب اشتہاری اور اجرتی قاتلوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔

پولیس نے فوری طور پر ناکہ بندی اور چھاپہ مار کارروائی کی۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی۔

فائرنگ کے دوران پولیس گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے اور حقِ دفاع میں مؤثر جوابی کارروائی کی گئی۔

پولیس مقابلے کے دوران دو انتہائی خطرناک اجرتی قاتل ابرار ولد خان غفور اور محمد یعقوب ولد نورگل (سکنہ یعقوبی یار حسین، ضلع صوابی) اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ملزمان متعدد سنگین جرائم، بشمول کانسٹیبل اعظم داد اور اس کے بھائی کے قتل کے مقدمات میں مطلوب تھے۔ دورانِ کارروائی ان کے دو ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ کارروائی کے دوران دو کلاشنکوف بھی برآمد کی گئیں۔

دوسری جانب، تھانہ پارہوتی پولیس نے خٹ کلے ایراب کے قریب پولیس پر فائرنگ میں ملوث اجرتی قاتلوں کے خلاف ناکہ بندی کی۔

ملزمان نے قریب آتے ہی پولیس پر اچانک فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبرپختونخوا کی اہم شخصیت سے ملاقات، وادی تیراہ کے بارے میں بڑی خبر سامنے آ گئی

مقابلے کے دوران ایک انتہائی خطرناک اجرتی قاتل رحیم زادہ عرف رگو ولد بل محمد (سکنہ بغدادہ حاجی کورونہ) اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو کر موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اسلحہ سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ہلاک ملزم متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں ہیڈ کانسٹیبل باسط علی شہبازگڑھی کے قتل، پولیس پر فائرنگ، اقدامِ قتل، منشیات، چوری اور غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات شامل ہیں۔

کارروائی کے دوران ایک پستول بھی برآمد کی گئی۔تمام ہلاک ملزمان کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

مردان پولیس نے واضح کیا ہے کہ پولیس پر فائرنگ اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

Scroll to Top