اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کی ٹیوشن فیس سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے فیس کی حد مقرر کر دی ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کے لیے ٹیوشن فیس، تمام ذیلی چارجز سمیت، زیادہ سے زیادہ 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
کونسل نے واضح کیا کہ یہ فیس حد تمام سیشنز پر لاگو ہوگی اور سیشن 2024-25 کے دوران ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں پہلے سال سے فائنل ایئر تک زیر تعلیم تمام طلبہ اس کے دائرہ کار میں آئیں گے۔
اسی طرح پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ 6 اکتوبر 2025 کو 5 فیصد اضافہ کے ساتھ مطلع کردہ ٹیوشن فیس یعنی 18 لاکھ 90 ہزار روپے، سیشن 2025-26 سے تمام سیشنز اور ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس پروگراموں میں پہلے سال سے آخری سال تک زیر تعلیم طلبہ پر لاگو ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ 2026 کے بعد ٹیوشن فیس میں کسی بھی قسم کا اضافہ، تمام ذیلی چارجز سمیت، صرف کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اس سے متعلق علیحدہ نوٹیفکیشن مقررہ وقت پر جاری ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: طلباء کو ISPR کی رہنمائی میں قلعہ بالا حصار کی تاریخ اور دفاعی اہمیت سے آگاہی دی گئی
پی ایم ڈی سی نے تمام نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ وضاحتوں پر سختی سے عمل کریں۔
کونسل نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد ملک میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم کو منظم کرنا اور طلبہ پر مالی بوجھ کو قابو میں رکھنا بتایا گیا ہے۔





