2029 تک پاکستان کی برآمدات 60 ارب ڈالرز تک پہنچیں گی، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے دبئی میں جاری گلف فوڈ 2026 کے دوران کہا ہے کہ حکومت نے سنہ 2029 تک پاکستان کی برآمدات کو 60 ارب ڈالرز تک پہنچانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی ترجیح میڈ اِن پاکستان کو ایک عالمی معیار کے برانڈ کے طور پر فروغ دینا ہے، اور اگلے دس سال میں برآمدات کو 100 ارب ڈالرز تک لے جانا ہے۔

احسن اقبال نے پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور نمائش میں شریک 140 سے زائد پاکستانی اسٹالز کا معائنہ کیا۔

اس دوران انہوں نے نمائش کنندگان سے ملاقاتیں کیں اور پاکستانی مصنوعات کے معیار، برآمدات میں اضافہ، اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے تجارتی اور برآمداتی شعبے کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات عالمی مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی صنعتوں کو جدید تکنیکی سہولیات اور مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا دوہرا معیار، تیراہ واقعے پر عوام متاثر، سابق وزیر سردار حسین بابک کا بڑا دعویٰ

نمائش میں اس سال پاکستان کی مختلف صنعتوں سے تعلق رکھنے والی 140 سے زائد کمپنیاں شریک ہیں جو اپنی مصنوعات اور برآمداتی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا مقصد ملکی برآمدات میں اضافہ اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے تاکہ روزگار کے مواقع بڑھیں اور ملکی معیشت مستحکم ہو۔

Scroll to Top