وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی سے مذاکرات اور آفر سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کر دی

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پی ٹی آئی سے کسی بھی قسم کے مذاکرات یا آفر دینے سے متعلق خبریں مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے رد کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کو آفر دینے کی خبریں مکمل طور پر غلط ہیں اور ہر چند دن بعد یہ کہانیاں بغیر کسی حقیقت کے بنائی جاتی ہیں، انہوں نے ان افواہوں کو سختی سے مسترد کیا اور کہا کہ ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

عطا تارڑ نے مزید واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو کسی بھی قسم کی آفر دینے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اس طرح کی خبریں عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہیں۔

سینئر صحافی و اینکر پرسن عبدالمالک نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو آخری اور حتمی پیشکش کر دی ہے۔

اینکر پرسن  محمد مالک نے اپنے ٹی وی پروگرام میں یہ خبر دی ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو ایک آخری اور حتمی آفر دے دی ہے۔

حکومت کی جانب سے دی گئی آفر میں مکمل نیا الیکشن کمیشن تشکیل دینے، انتخابی قوانین میں تبدیلی اور ایک سال کے اندر عام انتخابات کرانے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے اور یہ آفر اعلیٰ سطحی ہائبرڈ میٹنگز میں طے پائی ہے۔

سینئر صحافی محمد مالک کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایک دو اہم اور بڑی سطح کی میٹنگز ہوئیں جن میں دو بڑے فیصلے کیے گئے اور یہ فیصلے متعلقہ حلقوں تک پہنچا دیے گئے ہیں، ان اجلاسوں میں یہ طے پایا کہ پی ٹی آئی کو ایک آخری اور پکی ڈیل بھیجی جائے تاکہ سیاسی ڈیڈلاک ختم کیا جا سکے۔

ڈیل کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمان میں واپسی کرے، پارلیمانی کمیٹیوں میں فعال کردار ادا کرے اور پارلیمانی نظام کا حصہ بنے اس کے بدلے حکومت مکمل الیکشن کمیشن، بشمول چیف الیکشن کمشنر، کو دوبارہ تشکیل دینے اور قوانین میں ایسی تبدیلیاں کرنے پر تیار ہے جن سے آئندہ انتخابات کو فری اینڈ فیئر بنایا جا سکے۔

محمد مالک کا کہنا ہے کہ اس پیکج کا سب سے بڑا نکتہ یہ ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری ہونے سے ایک سال قبل انتخابات کرانے پر رضامند ہو گئی ہے۔

سینئر صحافی اور اینکر پرسن  محمد مالک نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ نہ ایک دن پہلے ہوگا اور نہ ایک دن بعد، بلکہ طے شدہ وقت کے اندر ہی الیکشن کروائے جائیں گے بشرطیکہ یہ ڈیل آگے بڑھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ معاملات طے پا جاتے ہیں تو ایک سے ڈیڑھ سال کے اندر عمران خان کے قانونی معاملات میں بہتری اور ان کے ساتھیوں کے لیے ریلیف بھی نظر آ سکتا ہے تاہم یہ سب حکومت کی جانب سے ایک پیکج کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑا سیاسی بریک تھرو، حکومت کی پی ٹی آئی کو بڑی پیشکش

صحافی  محمد مالک کے مطابق یہ ڈیل ایک دو دن میں پی ٹی آئی قیادت تک پہنچ جانی چاہیے تھی تاہم ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

 ان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یہ فیصلہ حتمی تھا اور اس پر مزید بحث یا دلائل کی گنجائش نہیں رکھی گئی، پی ٹی آئی اسے قبول کرے یا مسترد کرے، فیصلہ ان پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

Scroll to Top