پی ٹی آئی کو کوئی آفر نہیں دی گئی، آفر دینے کی خبریں جعلی ہیں، بیرسٹر عقیل ملک

وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے پاکستان تحریک اںصاف کو آفر دینے کی افواہوں کی تردید کر دی۔

وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل نے تحریک انصاف کو کسی بھی آفر دینے کی افواہوں کو مکمل طور پر جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا۔

بیرسٹر عقیل نے کہا کہ یہ بالکل جعلی خبر ہے اور تحریک انصاف کو ایسی کوئی آفر دی ہی نہیں گئی۔

انہوں نے صحافیوں اور ذرائع کو ہدایت کی کہ دوبارہ اپنی معلومات کے ذرائع کی تصدیق کریں تاکہ غلط معلومات پھیلنے سے بچا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک جو واحد آفر دی گئی وہ صرف سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی تھی اور اس میں کوئی شرائط یا پیش شرائط شامل نہیں تھیں، ہمیں ایسی باتیں بیان کرنے سے گریز کرنا چاہیے جو درست نہیں ہیں۔

سینئر صحافی و اینکر پرسن  محمد مالک نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو آخری اور حتمی پیشکش کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑا سیاسی بریک تھرو، حکومت کی پی ٹی آئی کو بڑی پیشکش

اینکر پرسن  محمد مالک نے اپنے ٹی وی پروگرام میں یہ خبر دی ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو ایک آخری اور حتمی آفر دے دی ہے۔

حکومت کی جانب سے دی گئی آفر میں مکمل نیا الیکشن کمیشن تشکیل دینے، انتخابی قوانین میں تبدیلی اور ایک سال کے اندر عام انتخابات کرانے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے اور یہ آفر اعلیٰ سطحی ہائبرڈ میٹنگز میں طے پائی ہے۔

سینئر صحافی محمد مالک کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایک دو اہم اور بڑی سطح کی میٹنگز ہوئیں جن میں دو بڑے فیصلے کیے گئے اور یہ فیصلے متعلقہ حلقوں تک پہنچا دیے گئے ہیں، ان اجلاسوں میں یہ طے پایا کہ پی ٹی آئی کو ایک آخری اور پکی ڈیل بھیجی جائے تاکہ سیاسی ڈیڈلاک ختم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ معاملات طے پا جاتے ہیں تو ایک سے ڈیڑھ سال کے اندر عمران خان کے قانونی معاملات میں بہتری اور ان کے ساتھیوں کے لیے ریلیف بھی نظر آ سکتا ہے تاہم یہ سب حکومت کی جانب سے ایک پیکج کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔

صحافی  محمد مالک کے مطابق یہ ڈیل ایک دو دن میں پی ٹی آئی قیادت تک پہنچ جانی چاہیے تھی تاہم ابھی تک اس کی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

Scroll to Top