وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتی شعبے کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کر دیا، ویلنگ چارجز میں بھی 9 روپے کمی کی گئی ہے اور اگر حالات بہتر رہیں تو مزید کمی ممکن ہے۔
وزیراعظم نے ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکسز میں بھی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس شرح ساڑھے 7 فیصد سے کم کر کے ساڑھے 4 فیصد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرض لینا آسان نہیں ہوتا اور ملک کو مشکل ترین معاشی حالات سے گزرنا پڑا تاہم حکومتی اقدامات اور عوام کی قربانیوں کی بدولت پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے بچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات انتہائی نازک مرحلے میں تھے اور پہلی میٹنگ میں نئے پروگرام کے لیے سخت شرائط تھیں، پاکستان نے اپنی کمٹمنٹس پوری کرنے کا یقین دلایا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سری لنکا کی مثال دی اور کہا کہ حکومت نے واضح کیا کہ اگر کمٹمنٹس پوری نہ ہوئی تو ذمہ دار پاکستان نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے دوست ممالک، خصوصاً چین، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کی حمایت کو سراہا اور کہا کہ ان کی مدد سے آئی ایم ایف پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا، فارن ایکسچینج ریزروز تقریباً دگنے ہو چکے ہیں اور معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کی محنت کو بھی سراہا اور بتایا کہ ملکی برآمدات میں 2025 میں نمایاں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 10 فیصد تک آ چکا ہے اور مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے شفافیت اور اصلاحات پر زور دیا ہے، کرپشن اور غیر ضروری اخراجات ختم کیے گئے اور ٹیکسز میں کمی کے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ترقی کے سفر میں بڑے چیلنجز ہیں، لیکن عوام، کاروباری برادری اور نجی شعبہ کی شراکت سے پاکستان عالمی معیشت میں اپنا مقام بنا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ سازگار ماحول فراہم کرنا ہے اور نجی شعبہ ہی ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سستی بجلی کا خواب حقیقت بننے کے قریب، مہمند ڈیم سے خوشخبری
وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور جنگ کے بعد معیشتی میدان میں بھی بھارت کو شکست دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر مقام بلند ہو چکا ہے اور دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ انہوں نے اور فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کے بعد کئی ممالک کے دورے کیے اور عالمی دوروں کے دوران دیگر ممالک کے رویے میں واضح تبدیلی دیکھی۔ انہوں نے کہا معرکہ حق کے بعد دنیا اب آپ کی بات مان رہی ہے۔





