کوئٹہ بم دھماکے کے مقام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا دورہ،سکیورٹی اہلکاروں کو شاباش، دہشتگردوں کیلئے کوئی رعایت نہیں

کوئٹہ بم دھماکے کے مقام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا دورہ،سکیورٹی اہلکاروں کو شاباش، دہشتگردوں کیلئے کوئی رعایت نہیں

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آج کوئٹہ میں بم دھماکے کے مقام کا فوری دورہ کیا اور صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی اور اہلکاروں کی بہادری اور فوری ردعمل کو سراہا۔

اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے وزیر اعلیٰ کو واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بم دھماکے کی نوعیت، اہلکاروں کی فوری کارروائی اور علاقے میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ شامل تھا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیکیورٹی فورسز کے فوری اور مؤثر ردعمل کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت رسپانس نے ممکنہ انسانی نقصان اور خطرات کو ٹالا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہمت اور پیشہ ورانہ کارکردگی پر شاباش دی اور کہا کہ بلوچستان میں عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کی فوری کارروائی کو صوبے کی سلامتی میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے ہر اقدام کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اور سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں تاکہ عوام کی زندگی اور بنیادی ڈھانچے کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Scroll to Top