صدرباڑہ سیاسی اتحاد ہاشم خان نے کہا ہے کہ تیراہ کے متاثرین کو ملنے والی امدادی رقوم میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے اور اس پورے عمل میں کھلی سیاسی مداخلت شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیراہ کے عوام اس وقت انتہائی کٹھن حالات سے گزر رہے ہیں، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں ایک دوسرے پر الزامات لگانے میں مصروف ہیں، جبکہ بے گھر ہونے والے افراد بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
ہاشم خان کے مطابق صوبائی حکومت نے متاثرین کے ساتھ معاہدہ کیا تھا جس کے تحت متاثرین کو کرایہ ادا کیا جانا تھا اور دو ماہ بعد انہیں واپس ان کے علاقوں میں بھیجا جانا تھا، جبکہ تیراہ میں مکمل امن کی بحالی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔ تاہم اب صوبائی حکومت اس معاہدے سے انکاری نظر آتی ہے اور دونوں حکومتیں ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کو دی جانے والی امدادی رقوم میں شدید بے ضابطگیاں پائی جا رہی ہیں۔ بعض متاثرین کو کرایہ دیا گیا ہے جبکہ بڑی تعداد اب بھی اس سہولت سے محروم ہے، جس پر متاثرین کی جانب سے احتجاج بھی جاری ہے۔
صدرباڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان نے مطالبہ کیا کہ تیراہ میں مستقل امن قائم کیا جائے اور متاثرین سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کے گھر تیراہ میں ہیں، انہیں بلا تفریق امدادی رقوم دی جائیں، خواہ ان کے شناختی کارڈ پر ایڈریس باڑہ درج ہو یا تیراہ۔





