باڑہ سیاسی اتحادجرگہ :تیراہ متاثرین کی رجسٹریشن میں سیاسی مداخلت اور کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ

باڑہ میں باڑہ سیاسی اتحاد کی جانب سے آج تیراہ کے نمائندہ قبائلی عمائدین اور مشران کے مطالبے پر ایک اہم جرگہ منعقد کیا گیا۔

یہ جرگہ صوبائی حکومت کی بدانتظامی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے جائزے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے تعین کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

جرگے کے دوران ممبران نے صوبائی حکومت کی بدانتظامی، متاثرین میں چار ارب روپے کی تقسیم میں کرپشن اور سیاسی مداخلت پر شدید تنقید کی۔ جرگہ نے تیراہ میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہا اور ان کے خراج عقیدت پیش کیا۔

جرگہ کا ایجنڈا سابق چیئرمین باڑہ سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے مسائل کسی ایک علاقے یا قبیلے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی قومی مسئلہ ہے جس کے حل میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے۔

باڑہ سیاسی اتحاد نے متفقہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وادی تیراہ میں فوری مکمل امن قائم کیا جائے اور مستقبل میں پائیدار امن کی واضح ضمانت دی جائے۔ جرگے نے خوارج کی جانب سے فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملے اور کواڈ کاپٹر گرائے جانے جیسے اقدامات فوری طور پر بند کرنے کا کہا، کیونکہ یہ عمل عام شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر رہا ہے۔

باڑہ سیاسی اتحاد نے متاثرین کی باعزت واپسی یقینی بنانے، تمام وعدوں اور معاہدوں کو تحریری اور عملی طور پر نافذ کرنے اور رجسٹریشن کے عمل میں سیاسی مداخلت اور کرپشن کی غیر جانبدار تحقیقات کرانے پر زور دیا۔ جرگے کے مطابق گھر یا جائیداد رکھنے والے تمام رہائشیوں کو آئی ڈی پیز کا اسٹیٹس دے کر مکمل رجسٹریشن کی جائے اور امدادی پیکج میں شامل کیا جائے۔

باڑہ سیاسی اتحاد نے اپر باڑہ اور باڑہ پلین ایریا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور خوارج کی جانب سے اغوا برائے تاوان، دھمکی آمیز کالز اور دیگر خوف و ہراس پیدا کرنے والے اقدامات بند کیے جائیں۔ سیاسی اتحاد نے عزم ظاہر کیا کہ وہ متاثرین تیراہ کے ساتھ ہر فورم پر کھڑا رہے گا اور ان کے حقوق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

Scroll to Top