گھر میں اکیلے ہوں اور دل کا دورہ پڑ جائے تو کیا کریں؟ چند منٹ جان بچا سکتے ہیں

آج کل دل کے دورے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور 40 سال کے آس پاس کے افراد بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں۔

دل کا دورہ اکثر اچانک پڑتا ہے اور اگر اس وقت کوئی شخص گھر میں اکیلا ہو تو بروقت مدد نہ ملنے کی وجہ سے جان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، ایسے میں درست معلومات اور فوری اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

دل کے دورے کی عام علامات میں سینے میں دباؤ یا شدید درد شامل ہے جو بازو، گردن، جبڑے یا پیٹھ تک پھیل سکتا ہے۔

اس کے علاوہ سانس میں دقت، متلی، چکر آنا اور زیادہ پسینہ آنا بھی خطرے کی علامت ہو سکتے ہیں، خواتین اور ذیابیطس کے مریضوں میں علامات مختلف ہو سکتی ہیں، جیسے غیر معمولی تھکن، بدہضمی یا اوپری پیٹھ میں درد۔

امریکا کے معروف کارڈیو ویسکولر سرجن ڈاکٹر جرمی لندن کے مطابق جیسے ہی ایسی علامات محسوس ہوں فوراً ایمرجنسی نمبر پر کال کریں اور اپنی حالت واضح طور پر بتائیں کیونکہ چند منٹ کی تاخیر جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، فون اپنے قریب رکھیں اور کسی پڑوسی یا رشتہ دار کو بھی فوری اطلاع دیں۔

اگر الرجی نہ ہو تو اسپرین کی گولی آہستہ آہستہ چبا کر کھائی جا سکتی ہے کیونکہ یہ خون کو پتلا کر کے نقصان کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے، گھر کے دروازے ان لاک کریں اور لائٹس آن رکھیں تاکہ امدادی ٹیم کو داخل ہونے میں آسانی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: گرم چائے یا کافی؟ رک جائیں، یہ آپ کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے

بے ہوشی سے بچنے کے لیے کسی محفوظ جگہ پر بیٹھ جائیں یا لیٹ جائیں اور کسی قریبی شخص سے مسلسل رابطے میں رہیں۔،بروقت فیصلہ، حوصلہ اور یہ بنیادی اقدامات ایمبولینس یا ڈاکٹر کے پہنچنے تک جان بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top