تبدیلی کے نعرے کہاں گئے؟ مہنگائی اور بے روزگاری پر سکندر شیرپاؤ نے سہیل آفریدی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

تبدیلی کے نعرے کہاں گئے؟ مہنگائی اور بے روزگاری پر سکندر شیرپاؤ نے سہیل آفریدی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر شیرپاؤ نے الزام عائد کیا ہے کہ تحریک انصاف کے گزشتہ 13 سالہ دورِ اقتدار میں خیبر پختونخوا میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبہ شدید معاشی اور سماجی مسائل کا شکار ہو چکا ہے۔

چارسدہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بے روزگاری اور مہنگائی تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے جس کی وجہ سے عام شہری کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی مسلسل خراب ہو رہی ہے اور بدامنی نے خطرناک شکل اختیار کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے احتساب اور شفافیت کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے، مگر 13 سالہ حکمرانی کے باوجود کرپشن میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا۔ سکندر شیرپاؤ کے مطابق صوبے میں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں جو حکومتی تعلیمی پالیسیوں کی ناکامی کا واضح ثبوت ہے، جبکہ سرکاری جامعات شدید مالی بحران کا شکار ہیں اور متعدد ادارے دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین نے سرکاری اداروں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ریسکیو 1122 کی ایک عمارت کا افتتاح تو کر دیا گیا ہے مگر وہاں نہ ایمبولینسز دستیاب ہیں اور نہ ہی عملہ تعینات کیا گیا ہے، جو محض نمائشی اقدامات اور عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اب حکمرانوں سے 13 سالہ کارکردگی کا حساب مانگ رہے ہیں اور موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ عوام اپنے مستقبل کے لیے باشعور اور ذمہ دارانہ فیصلہ کریں۔

Scroll to Top