وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بلوچستان میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے نہ صرف ریاست کی خودمختاری بلکہ قومی سلامتی پر کھلی جارحیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر کھلی بربریت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی پورے ملک کے لیے مشترکہ چیلنج ہے، اور پاکستانی قوم کے عزم کو یہ کبھی متزلزل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے زور دیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی کمزوری یا ابہام کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان پوری قوت سے دہشتگردی کا مقابلہ جاری رکھے گا اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ملک کو جلد امن و امان کا گہوارہ بنائے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دو روزہ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 133 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جس میں تین خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ یہ کارروائی دہشتگرد نیٹ ورک کے خاتمے اور صوبے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوئی ہے۔





