بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے گوادر اور نوشکی میں بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر میں زیرِ تعمیر عمارت سے گزشتہ شب کی گئی کارروائی کے بعد چار مزید دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ سالال میں ایک اور دہشت گرد کے مارے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ان کارروائیوں کے بعد مجموعی طور پر ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 177 ہو چکی ہے۔
ادھر نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بی ایل اے کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، سکیورٹی فورسز نے اس کارروائی کی ویڈیو فوٹیج بھی جاری کر دی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ناکام حملوں کے بعد دہشت گرد تنظیم کے لیے چھپنے کی جگہیں ختم ہو چکی ہیں اور فورسز فتنہ الہندوستان کے عناصر کو چن چن کر انجام تک پہنچا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوشکی! سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کی پناہ گاہوں پر بڑا حملہ، دھماکوں سے شہر لرز اٹھا، متعدد دہشتگرد ہلاک
ان کامیاب کارروائیوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





