انڈر 19 ورلڈ کپ، قومی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ میں جگہ پکی کرلی۔

زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں سپر سکسز مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے دی ہے، 252 رنز کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 194 رنز بنا سکی۔

بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 252 رنز بنائے جس میں ویدانت تریویدی نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستانی بالرز میں عبدالسبحان نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد صیام نے 2، اور علی رضا، مومن قمر، احمد حسین اور علی حسین بلوچ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن مطلوبہ 253 رنز کے تعاقب میں ٹیم صرف 194 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی 20 ورلڈکپ، پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ، آئی سی سی کا ردعمل بھی سامنے آگیا

پاکستان نے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لینے کا فیصلہ دیا ہے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ عالمی کرکٹ ایونٹس کے لیے مناسب نہیں۔

آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق پاکستان کا یہ فیصلہ نہ تو کرکٹ کے عالمی مفاد میں ہے اور نہ ہی لاکھوں شائقین کے لیے خوش آئند ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے اس فیصلے کے عالمی کرکٹ کے نظام پر اثرات مرتب ہوں گے اور امید ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس کے قومی اور عالمی مضمرات کو مدنظر رکھے گا۔

قبل ازیں پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کا اعلان کر دیا تھا مگر بھارت کے خلاف میچ سے گریز کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان اس معاملے پر اہم ملاقات بھی ہوئی۔

حکومت پاکستان نے سوشل میڈیا بیان میں واضح کیا کہ پاکستان کی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ یہ میچ 15 فروری 2026 کو شیڈول ہے۔

Scroll to Top