پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تربیلا غازی ٹنل وی کا دورہ کیا اور وہاں موجود چینی انجینئرز اور ورکرز کی سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے چینی حکام اور سیکیورٹی افسران سے ملاقات کی اور ترقیاتی منصوبے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ چینی ورکرز کی سیکیورٹی کو مزید مستحکم کریں اور ان کی نقل و حرکت کے دوران خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
تربیلا غازی ٹنل وی پراجیکٹ سائٹ کے دورے کے دوران ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی، ڈی پی او ہری پور فرحان خان، ایس پی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ طاہر خان اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے سائٹ پر موجود سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور وہاں کے چیف انجینئر وسیم رضا سے سیکیورٹی اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ لی۔
آئی جی پولیس نے چینی عہدیداران سے بھی ملاقات کی اور ان سے سیکیورٹی سے متعلق مسائل اور مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس افسران پر تنقید، پیکا ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج
انہوں نے کہا کہ تربیلا غازی ٹنل وی منصوبہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس منصوبے پر کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین کی حفاظت حکومت اور خیبرپختونخوا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے افسران کے ساتھ ملاقات بھی کی، جس میں انہیں پراجیکٹ پر جاری ترقیاتی کام، غیر ملکی ماہرین کی حفاظت اور دیگر سیکیورٹی امور پر آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے پراجیکٹ کے مختلف سیکیورٹی پوائنٹس کا دورہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ چینی انجینئرز کی سیکیورٹی مزید سخت کریں اور ان کی رہائش، کام کی جگہوں اور سفر کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چینی ماہرین کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور ان کے بیس کیمپ تک رسائی کے راستوں کی نگرانی کو مزید سخت کیا جائے۔ اس کے علاوہ، سیکیورٹی آڈٹ کے ذریعے حفاظتی اقدامات کو مسلسل بہتر بنانے کی بھی تاکید کی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے چینی انجینئرز کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس پر چینی ماہرین نے خیبرپختونخوا پولیس کے اقدامات کو سراہا اور مہیا کی جانے والی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔