پشاور۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے مردان میں کاروائی کرتے ہوئے مضر صحت نمکو بنانے والے کارخانے کو سیل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے مردان میں نمکو یونٹ پر چھاپہ مارا اور انسپکشن کے دوران 1 ہزار 136 لیٹرز سے زائد غیر معیاری اور ناقص کھلا تیل برآمد کر کے تلف کر دیا۔
فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کارخانے سے نان فوڈ گریڈ کلر بھی برآمد ہوا جس پر کارخانے کو سربمہر کر کے فوڈ سیفٹی ایکٹ کیمطابق مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
دوسری جانب فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈی آئی خان، سوات اور بنوں میں مین شاہراہوں پر ناکہ بندیاں کی اور خوردونوش اشیاء کی گاڑیوں کی چیکنگ کی ، معائنوں کے دوران سوات میں ایک گاڑی سےغیر معیاری 300 لیٹرز دودھ پکڑ کر تلف کر دیاگیا ،بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
مزید تفصیلات کیمطابق محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے بھی پشاور میں جنرل اسٹورز، کباب ہوٹلز، دودھ فروشوں اور قصائیوں پر چھاپے مارے اور سرکاری نرخ نامے چیک کیے اور گاہکوں سے مختلف خوردونوش اشیاء کے بارے میں دریافت کیا، اس دوران گران فروشی پر 13دوکانداروں کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مردان: رمضان میں قیمتوں کی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ
وزیر خوراک خیبر پختون خواہ ظاہر شاہ طورو نے گرانفروشوں اور غیر معیاری کاروباروں میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کو سراہتے ہوئے کہا کہ گران فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے افسران کوگران فروشوں ، ذخیرہ اندوزوں اور غیر معیاری خوردونوش اشیاء پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔