راولپنڈی: اسلامی فوجی انسدادِ دہشت گردی اتحاد (آئی ایم سی ٹی سی )کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعید نےچیف آف آرمی اسٹاف اور چیف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات اور رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے شدت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور صلاحیت سازی میں تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آئی ایم سی ٹی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد اسلامی دنیا میں استحکام اور مربوط انسداد دہشت گردی اقدامات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
میجر جنرل محمد بن سعید نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کی تعریف کی اور پاکستانی فوج کی مہارت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران فریقین نے علاقے میں امن، استحکام اور سیکیورٹی کے لیے ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ آئی ایم سی ٹی سی کا یہ وفد 2 سے 6 فروری تک پاکستان میں موجود رہے گا اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) میں “شدت پسند عناصر کی دوبارہ شمولیت اور بحالی” کے موضوع پر ایک ہفتے پر محیط تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کرے گا۔





