اسلام آباد: وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف سے ملاقات کا واحد قانونی راستہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی قیادت اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کو تحریری انڈرٹیکنگ فراہم کرے۔
اس موقع پر وہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے، جہاں پی ٹی آئی کے رہنما شہرام ترکئی بھی موجود تھے۔
بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اگر یہ انڈرٹیکنگ فراہم کی جائے اور اس میں واضح طور پر درج ہو کہ ملاقات کے دوران کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی جائے گی اور جیل رولز کی خلاف ورزی نہیں ہوگی تو بانی تحریک انصاف سے ملاقات ممکن ہو سکے گی
انہوں نے مزید کہا کہ اس طریقہ کار کے تحت ہم آرڈر کی خلاف ورزی نہیں کریں گے اور اڈیالہ جیل میں امن و امان کے حوالے سے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔
شہرام ترکئی نے اس موقع پر کہا کہ اگر بانی تحریک انصاف کی فیملی سے ملاقات کروانا ممکن نہ ہو تو ان کے ذاتی ڈاکٹر سے ملاقات کی اجازت دی جائے، اور اس ملاقات کے بعد بھی کوئی سیاسی گفتگو نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سیکرٹری جنرل آئی ایم سی ٹی سی محمد بن سعید کی ملاقات،دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق
اس پیش رفت کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت اور بانی تحریک انصاف کے درمیان ملاقات کے حوالے سے جیل انتظامیہ اور عدالت کے مقررہ قانونی دائرہ کار کی پابندی لازمی ہے۔
سیاسی حلقے اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا یہ ملاقات جلد ممکن ہو پائے گی یا قانونی اور انتظامی رکاوٹیں اسے متاثر کریں گی۔





