حج ویزا کے لیے بائیو میٹرک کی آخری تاریخ قریب، ابھی مکمل کریں

پشاور: حج 2026 کے لیے سعودی عرب ویزا حاصل کرنے والے عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی بائیو میٹرک معلومات جلد از جلد مکمل کریں، تاکہ ویزا کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج ویزا کے لیے سعودی بائیو میٹرک مکمل کرنا لازمی ہے اور اگر یہ مکمل نہ ہوا تو ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔

عازمین گھر بیٹھے موبائل ایپ سعودی ویزہ بائیو کے ذریعے اپنی بائیو میٹرک مکمل کر سکتے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر متعلقہ بینک برانچ سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اگر ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک مکمل نہ ہو سکے تو عازمین 8 فروری 2026 سے قبل کسی قریبی سعودی تاشیر سینٹر کا دورہ کر کے یہ عمل مکمل کر سکتے ہیں۔

تاشیر سینٹرز کے اوقات پیر تا جمعہ دوپہر 1 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر ہیں، اور ترجمان نے زور دیا کہ زحمت سے بچنے کے لیے صرف مقررہ اوقات میں ہی سینٹر کا دورہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ میں تبدیلی؟ حکومت نے اصل بات بتا دی

عازمین حج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بائیو میٹرک کے عمل کو بروقت مکمل کریں تاکہ ویزا جاری کرنے میں کسی قسم کی تاخیر یا مشکل پیش نہ آئے۔

مزید معلومات کے لیے عازمین موبائل ایپ پاک حج 2026 ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

یہ اقدام سعودی حکومت کے قوانین اور پاکستان کے حج آپریشن کے معیار کے مطابق حج سفر کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

Scroll to Top