پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے پیر کو کوہاٹ پریس کلب کا دورہ کیا اور نو منتخب صدر، کابینہ اراکین اور صحافیوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو مبارکباد دی اور صوبائی حکومت کی جانب سے آزاد صحافت کے تحفظ اور اس کی اہمیت پر زور دیا۔
معاون خصوصی شفیع جان نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور آزاد و ذمہ دار صحافت ہی جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی تعمیری تنقید کو خیرمقدم کرتی ہے اور عوامی فلاحی منصوبوں میں کسی بھی خامی کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
شفیع جان نے بتایا کہ عوامی مسائل کے حل میں صحافی برادری کا کردار نہایت اہم ہے اور حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور میڈیا کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اس موقع پر صدر کوہاٹ پریس کلب نے پریس کلب کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر معاون خصوصی نے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اسی دوران شفیع جان نے وادی تیراہ کے متاثرین کے لیے مختص ریلیف فنڈز میں شفافیت کے اقدامات بھی واضح کیے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کے سفر، خوراک اور دیگر اخراجات پر اب تک 92 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں اور تمام اخراجات کا مکمل آڈٹ ایبل ریکارڈ تیار کیا گیا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ اور مقامی مشران کی تصدیق اور وصول کنندہ کے دستخط شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگردوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، ریاست بھرپور جواب دے گی، خواجہ آصف
معاون خصوصی نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی معاوضہ پیکیج اور ماہانہ معاونت کے لیے 2 ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور یہ رقوم نادرا رجسٹریشن اور تصدیق کے بعد براہ راست متاثرین کے اکاؤنٹس میں ڈیجیٹل طور پر منتقل کی جائیں گی۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ عوامی وسائل اور فنڈز کے تحفظ کے لیے سخت مانیٹرنگ کا نظام نافذ ہے، جس سے ریلیف فنڈ کی منصفانہ تقسیم اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔





