پاکستان میں دہشتگرد حملے براہِ راست افغان سرزمین سے جڑے ہیں،امریکی جریدے کی رپورٹ نے طالبان کے جھوٹے دعوے بے نقاب کردیئے
امریکی جریدے یوریشیا ریویو کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کا براہِ راست تعلق افغان سرزمین سے ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں سرگرم بیس سے زائد دہشت گرد گروہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ طالبان کا امن و سلامتی کا بیانیہ محض ایک فریب ہے۔
رپورٹ کے مطابق طالبان کے دعوے کہ افغانستان میں ترقی اور معاشی استحکام ہے، حقیقت کے برعکس ہیں۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ بھی طالبان کے معاشی دعووں کو مسترد کرتی ہے اور کہتی ہے کہ افغانستان کی معیشت بقا کی بنیاد پر چل رہی ہے۔ اس طرح افغانستان میں حکمرانی کے دعوے اور حقیقت کے درمیان سب سے بڑا خلا واضح طور پر نظر آتا ہے۔
ماہرین کے مطابق طالبان رجیم کی طویل المدتی خودتخریبی کی سب سے نمایاں مثال خواتین کی تعلیم پر پابندی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان محض پروپیگنڈا اور بے بنیاد دعووں کے ذریعے اپنے اقتدار کو طول نہیں دے سکتے، اور عالمی برادری کی نگاہ میں ان کا بیانیہ حقیقت کے برعکس ہے۔
یوریشیا ریویو کے مطابق افغانستان پر قابض طالبان رجیم کا خودساختہ بیانیہ ایک بار پھر عالمی حقائق کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے، اور امریکی جریدے کی رپورٹ نے طالبان کے ترقی اور سلامتی کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔





