اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہونے والے پاکستان سپر لیگ (PSL) کے سیزن کے میچز بھارت میں ٹیلی کاسٹ نہیں ہوں گے۔
یہ فیصلہ پی ایس ایل کی بین الاقوامی میڈیا رائٹس کی فروخت کے ساتھ سامنے آیا ہے، جس نے لیگ کی عالمی توسیع میں ایک اور سنگ میل طے کیا ہے۔
پی سی بی کی ویب سائٹ پر جاری آفیشل خبر کے مطابق PSL 11 کے لیے گلوبل میڈیا رائٹس کا ایک سالہ معاہدہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے، جس میں انڈیا ریجن کو شامل نہیں کیا گیا۔
معاہدے کے تحت وہ میڈیا ٹیکنالوجیز جو پی سی بی کی ریزرو قیمت سے زیادہ بولی لگائیں، انہیں میچ دکھانے کے حقوق دیے جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق بین الاقوامی میڈیا رائٹس کی فروخت میں پچھلے دور کے مقابلے میں 149 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو PSL کی بڑھتی ہوئی برانڈ ویلیو اور عالمی سطح پر مقبولیت کا مظہر ہے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہاہم بین الاقوامی میڈیا رائٹس کی فروخت کے نتائج سے بے حد خوش ہیں، جس میں 149 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 11، کیٹیگریز کی فہرست جاری، کن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا؟
یہ اضافہ PSL برانڈ اس کے مسابقتی معیار اور دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کے درمیان اس لیگ کی بڑھتی ہوئی کشش کی تصدیق کرتا ہے۔
پی ایس ایل کی مقبولیت مسلسل بڑھ رہی ہے اور یہ فیصلہ نہ صرف لیگ کی عالمی پہچان کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ بین الاقوامی میڈیا میں اس کی قدر و قیمت میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔
یہ قدم لیگ کے بین الاقوامی توسیعی منصوبوں میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ PSL عالمی کرکٹ مارکیٹ میں اپنی جگہ مستحکم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔





